تہران، 18 اگست 2026 (کامران راجہ) — اسلامی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا، جس میں سفارتی ذرائع کے ذریعے ہونے والی بات چیت بھی شامل ہے۔ بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا کہ سفارتی امور ایران کی وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہیں، تاہم سفارتی ذرائع سے بھی واشنگٹن کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی مذاکرات نہ ہونے کی وجہ امریکا کی جانب سے اپنے وعدوں کی خلاف ورزیاں ہیں۔ سپاہِ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ ان بیانات کا مقصد عارضی طور پر تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا تھا۔ محبی نے کہا کہ امریکا کے پاس واحد راستہ یہ ہے کہ وہ شکست تسلیم کرے اور ایران کی شرائط مانے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر کے وہ ’’خیالی تصورات‘‘ جن کا وہ حوالہ دے رہے تھے، میدان جنگ میں واشنگٹن کی کوئی مدد نہیں کر سکتے۔
