Monday, August 3

امریکی کرکٹر اکھلیش ریڈی میچ فکسنگ الزامات ثابت ہونے پر آٹھ سال کے لیے معطل

واشنگٹن، 3 اگست 2026 (غفران): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا سے تعلق رکھنے والے کرکٹر اکھلیش ریڈی پر میچ فکسنگ اور انسدادِ بدعنوانی ضابطہ اخلاق کی متعدد خلاف ورزیوں کے الزامات ثابت ہونے کے بعد انہیں آٹھ سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق 26 سالہ اکھلیش ریڈی کے خلاف کارروائی کا آغاز گزشتہ سال نومبر میں ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کے دوران اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزیوں کے الزامات پر کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں عارضی طور پر بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ تفصیلی تحقیقات مکمل ہونے پر آئی سی سی کے آزاد ٹریبونل نے اکھلیش ریڈی کو میچوں کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش، ایک دوسرے کھلاڑی کو بدعنوان سرگرمیوں میں ملوث کرنے کی کوشش اور تحقیقات سے متعلق اہم شواہد ضائع کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ اکھلیش ریڈی نے اپنے موبائل فون سے ایسے پیغامات اور دیگر ڈیٹا حذف کر دیا تھا جو تحقیقات کے لیے اہم شواہد سمجھے جا رہے تھے۔ آئی سی سی نے واضح کیا کہ آٹھ سالہ پابندی کا اطلاق 21 نومبر 2025 سے مؤثر تصور کیا جائے گا۔ کونسل کے مطابق دوسرے کھلاڑی کو بدعنوان سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اکھلیش ریڈی کی کوشش ناکام رہی تھی۔ اکھلیش ریڈی نے امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا آخری بین الاقوامی میچ اپریل 2025 میں کھیلا تھا۔ آئی سی سی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کرکٹ کے کھیل کی شفافیت اور ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے انسدادِ بدعنوانی قوانین پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔