
اسلام آباد، 24 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے محمد یحییٰ کی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کے فروغ میں ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون باہمی اعتماد، شراکت داری اور مشترکہ مقاصد پر مبنی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقوام متحدہ کی معاونت کو انتہائی اہم قرار دیا۔ سردار ایاز صادق نے انسانی مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا اور مضبوط ہوگا۔ خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ویمنز پارلیمانی کاکس اور جینڈر مین اسٹریمینگ کمیٹی کا مقصد خواتین کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا، ان کے کردار کو مضبوط بنانا اور خواتین سے متعلق مسائل پر زیادہ توجہ یقینی بنانا ہے۔ سردار ایاز صادق نے محمد یحییٰ کے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ محمد یحییٰ نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نیک خواہشات اور تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہیں حکومت اور عوام کی جانب سے بھرپور احترام، محبت اور تعاون حاصل ہوا، جسے وہ ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے اور یاد رکھیں گے۔