Friday, November 27

اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیزے کی کوسٹا ریکا میں داخلے سے روکنے کے فیصلے کی مذمت

UN Rapporteur Francesca Albanese Condemns Costa Rica's Decision to Deny Her Entry

اسلام آباد، 27 نومبر 2026 (کامران راجہ): اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیزے نے کوسٹا ریکا کی جانب سے انہیں ملک میں داخلے سے روکنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی سے مبینہ روابط کے الزامات مسترد کر دیے ہیں اور حکام سے ثبوت فراہم کرنے یا معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیزے کو یونیورسٹی آف کوسٹا ریکا کی دعوت پر سان ہوزے کے خوان سانتاماریا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر داخلے سے روک دیا گیا، جہاں انہیں جمعے کے روز اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی جانی تھی۔ کوسٹا ریکا کے ڈائریکٹر امیگریشن عمر بادیلا نے کہا کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کی بنیاد پر کیا گیا اور اس سلسلے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں سے مبینہ تعلق کے حوالے سے ایک بین الاقوامی الرٹ کا حوالہ دیا گیا۔ تاہم انہوں نے نہ تو الرٹ جاری کرنے والے ادارے کا نام بتایا اور نہ ہی الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش کیا۔ مقامی میڈیا ادارے ڈیلفینو ڈاٹ سی آر سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسسکا البانیزے نے ان الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا۔