
میڈرڈ، 13 نومبر 2026 (کامران راجہ): اسپین میں 14 سال بعد پہلی ملک گیر عام ہڑتال کے دوران ہزاروں افراد نے بڑھتے ہوئے رہائشی بحران اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا، جبکہ بارسلونا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مزدور یونینوں کی اپیل پر میڈرڈ میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے مظاہروں میں شرکت کی، جبکہ بارسلونا میں 50 ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر نکلے۔ وسطی بارسلونا میں حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب نقاب پوش مظاہرین نے پولیس سے جھڑپیں کیں، کوڑے دانوں کو آگ لگائی اور دکانوں کے شیشے توڑ دیے۔ مقامی میڈیا کے مطابق بعض مظاہرین نے پولیس پر آتش بازی کے پٹاخے پھینکے اور معروف کھلونوں کی دکان سمیت کئی کاروباری مراکز میں توڑ پھوڑ کی، جبکہ کچھ افراد نے ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔ بارسلونا میں دن کے وقت احتجاج زیادہ تر پُرامن رہا، تاہم ایک خاتون مظاہرین کے مطابق شام کے وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی اور شہر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ اسپین کی وزارت داخلہ نے مختلف واقعات کے سلسلے میں درجنوں افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی، جبکہ بعض رئیل اسٹیٹ دفاتر پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ میڈرڈ میں مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید بارش کے باوجود ہڑتال کے باعث شہر کا بیشتر حصہ مفلوج ہوگیا۔ 37 سالہ ٹیچر اولگا ڈومنگو نے کہا کہ انہوں نے احتجاج میں اس لیے شرکت کی کیونکہ رہائش عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے اور تنخواہوں اور روزمرہ اخراجات کے درمیان بڑھتا ہوا فرق لوگوں کے لیے زندگی گزارنا مشکل بنا رہا ہے۔ ملک گیر ہڑتال اسپین میں سستے گھروں کی قلت اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کا حصہ ہے۔