
لندن، 24 اگست 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز سے ملاقات کی اور عالمی میری ٹائم ادارے کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے محفوظ، مؤثر اور سیکیور شپنگ کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے کردار کو سراہا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایم او کے سیکریٹری جنرل کا ایم ٹی ہونر 25 پر یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی بحری کارکنوں کی بحفاظت رہائی کی کوششوں میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام پاکستانی بحری کارکنوں کی جلد اور محفوظ واپسی کے لیے فوری اور مؤثر ادارہ جاتی اقدامات پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے میری ٹائم گورننس کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی بحری معیارات پر عملدرآمد اور ملکی بلیو اکانومی کو مزید ترقی دینے کے لیے جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ دونوں رہنماؤں نے بحری سلامتی و تحفظ، ریگولیٹری اصلاحات اور پاکستان کے میری ٹائم شعبے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور آئی ایم او کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔اسحاق ڈار نے محفوظ اور مؤثر بین الاقوامی شپنگ کے فروغ اور میری ٹائم تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے آئی ایم او کے ساتھ قریبی روابط جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔