
اسلام آباد,23 اگست ,2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پیر سے برطانیہ کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ دورے کے دوران اسحاق ڈار برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ اور دفتر خارجہ، دولت مشترکہ و ترقی کے وزیر مملکت برائے پاکستان اسٹیفن ڈاؤٹی سے ملاقاتیں کریں گے۔نائب وزیراعظم برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔ اسحاق ڈار کے دورے کے ایجنڈے میں صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانی عملے کا معاملہ بھی اہمیت کا حامل ہوگا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وہ اس معاملے پر عالمی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے اور پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پاکستانی عملہ آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 پر سوار ہے، جسے 21 اپریل کو صومالیہ کے علاقے پنٹ لینڈ کے ساحل کے قریب قزاقوں نے قبضے میں لے لیا تھا۔ جہاز پر مجموعی طور پر 17 افراد پر مشتمل عملہ موجود ہے، جن میں 10 پاکستانی شہری شامل ہیں۔ اسحاق ڈار کے دورۂ برطانیہ سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مستحکم ہونے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر باہمی تعاون بڑھانے کی توقع ہے۔