
اسلام آباد، 26 نومبر 2026 (غفران): معروف ویڈیو گیم سیریز کال آف ڈیوٹی کے سابق ڈویلپر اور ٹریارک کے سابق لیول ڈیزائنر گیون گوسلن نے نوجوانوں کو ویڈیو گیم ڈیولپمنٹ کے شعبے میں کیریئر بنانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس صنعت میں بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے خاتمے اور روزگار کے عدم تحفظ نے مستقبل کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ گیون گوسلن نے 25 نومبر 2026 کو لنکڈ اِن پر جاری ایک پوسٹ میں ٹریارک کے ساتھ اپنے 21 سالہ پیشہ ورانہ سفر کا ذکر کیا، جس کے دوران انہوں نے کال آف ڈیوٹی سیریز کے 13 گیمز کی تیاری میں حصہ لیا۔ وہ رواں سال جولائی میں اسٹوڈیو سے علیحدہ ہوگئے تھے، جس کے بعد گیمنگ انڈسٹری کے بارے میں ان کی سوچ تبدیل ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کال آف ڈیوٹی کی تیاری میں 21 سال گزارنے کے باوجود اب وہ نوجوانوں کو گیم ڈیولپمنٹ میں کیریئر بنانے کا مشورہ نہیں دے سکتے۔ انہوں نے اپنے سابقہ تجربے کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت ڈویلپرز کے ساتھ کام کرنا اور لاکھوں صارفین کے لیے گیمز تیار کرنا ان کے لیے باعثِ فخر رہا، تاہم موجودہ حالات میں اس شعبے میں ملازمت کا تحفظ موجود نہیں جو کسی شخص کو اپنا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے درکار ہوتا ہے۔ گوسلن کے مطابق اگر کوئی نوجوان ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی خواہش ظاہر کرے تو وہ اسے اس شعبے سے دور رہنے کا مشورہ دیں گے، کیونکہ تخلیقی طور پر یہ کام تسکین بخش ہونے کے باوجود مستقل روزگار کی ضمانت فراہم نہیں کرتا۔ ان کے خدشات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب عالمی ویڈیو گیم انڈسٹری میں ملازمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔ نومبر 2026 کے گیم ڈیولپرز کانفرنس کے اسٹیٹ آف دی گیم انڈسٹری سروے کے مطابق 34 فیصد شرکا گزشتہ دو برس کے دوران ملازمتوں سے محروم ہوئے، متاثرہ افراد میں سے 54 فیصد تاحال بے روزگار ہیں جبکہ 81 فیصد نے اپنے پیشہ ورانہ مستقبل کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔