اسلام آباد(کامران راجہ) 8 جولائی 2025: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور میٹا نے مشترکہ طور پر ’’ڈیجیٹل دور میں انسداد دہشت گردی‘‘ کے عنوان سے ایک اعلیٰ سطحی ورکشاپ کا انعقاد پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز میں کیا۔ ورکشاپ میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ماہرین کے ساتھ ساتھ اہم سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ورکشاپ میں میٹا کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق مواد کے تدارک پر مبنی پالیسیوں، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریگولیٹرز کے مابین تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران شکایات کے ازالے اور مواد کے فوری جائزے سے متعلق طریقہ کار پر بھی گفت و شنید کی گئی۔ ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کا خصوصی سیشن رکھا گیا، جس میں شرکاء کو میٹا کے پالیسی ماہرین سے براہِ راست بات چیت کا موقع میسر آیا۔
چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے پی ٹی اے کی سنجیدہ کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن پلیٹ فارمز کے انتہاپسند عناصر کے ہاتھوں غلط استعمال کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی اداروں سے قریبی تعاون ناگزیر ہے۔
ورکشاپ کے دوران میٹا کی “خطرناک تنظیموں اور افراد سے متعلق پالیسی” کے سربراہ، ڈاکٹر نواب عثمان نے پی ٹی اے کی مؤثر قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی باہمی کاوشیں نہ صرف محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ کمیونٹی معیارات اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بناتی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ورکشاپ پی ٹی اے کی اُس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ذمہ دارانہ آن لائن رویے کو فروغ دینا اور قومی سطح پر ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔