
لاہور، 25 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے۔ آسٹریلوی کوچ شین میک ڈرموٹ کے گزشتہ ماہ عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد فیلڈنگ کوچ کی نشست خالی ہوئی تھی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اشتہار میں امیدوار کے لیے کم از کم لیول ٹو کرکٹ کوچنگ کی اہلیت اور ایلیٹ کرکٹرز، قومی ٹیموں، فرنچائز سائیڈز یا بین الاقوامی ٹیموں کے ساتھ اسی نوعیت کے عہدے پر کم از کم پانچ سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔امیدوار کے لیے جدید فیلڈنگ تکنیک، میچ تجزیے اور کھلاڑیوں کی ترقی کے حوالے سے مضبوط سمجھ بوجھ بھی ضروری ہوگی۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس بین الاقوامی سطح کے نظام اور کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تیار کیے گئے طریقہ کار کی نگرانی اور جائزہ لینے کا ثابت شدہ تجربہ ہونا چاہیے۔ نئے فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری قومی ٹیم میں فیلڈنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانا اور کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر مجموعی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی۔ آسٹریلوی کوچ شین میک ڈرموٹ کے گزشتہ ماہ عہدے سے الگ ہونے کے بعد پی سی بی نے نئے فیلڈنگ کوچ کی تقرری کے لیے امیدواروں کی تلاش شروع کی ہے۔