
اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس کے بعد شائقین میں سیریز کی عالمی ریلیز کے حوالے سے جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔ سیریز کے ٹریلر کی تقریب کراچی کے تاریخی موہٹہ پیلس میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی شوبز اور فیشن انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ سیریز میں فواد خان، صنم سعید، ماہرہ خان، احمد علی اکبر، بلال اشرف، آمنہ شیخ، احد رضا میر، اقرا عزیز، حمزہ علی عباسی، مایا علی، خوشحال خان اور ہانیہ عامر سمیت نامور فنکار شامل ہیں۔ تین منٹ کے ٹریلر میں تین نسلوں پر پھیلی چھ محبت کی کہانیوں کی جھلک پیش کی گئی ہے، جن میں مختلف معاشرتی پس منظر، تعلقات اور زندگی کے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ سیریز کے مناظر پاکستان کے شمالی علاقوں، کراچی، بہاولپور، روم، ٹسکنی اور لندن سمیت مختلف مقامات پر عکس بند کیے گئے ہیں۔ ٹریلر کی تقریب میں ریڈ کارپٹ، موسیقی کی خصوصی پرفارمنسز اور فنکاروں کی گفتگو بھی شامل تھی۔ سیریز 4 دسمبر کو نیٹ فلکس پر دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔