
اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے فاطمہ ثنا کی قیادت میں 15 رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ آل راؤنڈر فاطمہ ثنا قومی ٹیم کی قیادت کے لیے دوبارہ واپس آگئی ہیں۔ دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہوگی۔ پاکستان اس وقت چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے اور نو میچز میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کرچکا ہے۔ تمام چھ میچز 8 سے 20 دسمبر تک روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 8، 10 اور 12 دسمبر جبکہ ون ڈے میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو شیڈول ہیں۔ 25 سالہ فاطمہ ثنا آسٹریلیا کی ویمنز بگ بیش لیگ میں مصروفیات کے باعث آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھیں، جہاں انہوں نے رواں سیزن میں اپنا ڈیبیو کیا۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاضت، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔