
اسلام آباد، 14 اکتوبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے پائیدار امن، علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بدھ کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے قبل ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عمان کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی عمان کے تعمیری کردار اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے لیے اس کے عزم کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مسلسل مذاکرات، سفارتی روابط اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔