Tuesday, November 10

پاکستان اور سوڈان کا دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Pakistan, Sudan Pledge to Strengthen Bilateral Ties and Expand Cooperation

اسلام آباد، 5 نومبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سوڈانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سوڈان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے حامل ہیں اور پاکستان ان روابط کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے گا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور گروپ آف 77 (جی 77) سمیت مختلف عالمی فورمز پر سوڈان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا۔ سوڈانی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشکل حالات میں سوڈانی عوام کے لیے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی اور طبی امداد پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔ سوڈانی وزیر نے عالمی فورمز پر سوڈان میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی حمایت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔