
اسلام آباد، 14 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان آرمی نے برطانیہ کے علاقے ویلز میں منعقدہ بین الاقوامی فوجی مقابلے کیمبرین پیٹرول 2026 میں چاندی کا تمغہ جیت لیا، جس کے ساتھ ہی پاکستان کی مسلسل پانچ سال تک تمغے حاصل کرنے کی روایت برقرار رہی۔ پاکستانی دستے میں 59 پنجاب رجمنٹ کے ایک افسر اور سات جوان شامل تھے، جنہوں نے 2 سے 13 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس سخت مقابلے میں حصہ لیا۔ رواں سال مقابلے میں 36 ممالک کی 140 ٹیموں نے شرکت کی، جہاں فوجی اہلکاروں کی جسمانی برداشت، حربی مہارت، راستوں کی نشاندہی، ٹیم ورک اور مشکل حالات میں کام کرنے کی صلاحیتوں کو جانچا گیا۔ پاکستان آرمی نے 2022 اور 2023 میں چاندی کے تمغے حاصل کیے تھے، جبکہ 2024 اور 2025 میں سونے کے تمغے جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ کیمبرین پیٹرول کو دنیا کے مشکل ترین فوجی گشت کے مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں شرکا کو دشوار گزار علاقوں میں نقل و حرکت، درست سمت کا تعین، دباؤ میں فیصلہ سازی اور مختلف فوجی اہداف مکمل کرنے کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رواں سال بھارتی فوج کی آسام رجمنٹ نے بھی مقابلے میں حصہ لیا اور سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ بھارتی دستہ ان 10 ٹیموں میں شامل تھا جنہیں سونے کے تمغوں سے نوازا گیا۔ پاکستانی دستے کی کامیابی کے بعد برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر انہوں نے افسر اور جوانوں کو کامیابی پر مبارک باد دی اور مقابلے کے دوران پیش آنے والے تجربات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ تقریب کے دوران پاکستانی دستے کو سفارتی مشن کے حکام اور عملے کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔