اسلام آباد، 21 اگست 2026 (نوشین): پاکستانی ٹریول ولاگر اور کوہ پیما عاصمہ مشتاق 7,027 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی کامیابی سے سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران مہم جوئی کے دوران انتقال کر گئیں۔ عاصمہ مشتاق 7 فروری 1992 کو پیدا ہوئی تھیں اور کوہ پیمائی کی برادری میں مہم جوئی، پہاڑوں اور قدرتی مناظر سے اپنی گہری محبت کے حوالے سے جانی جاتی تھیں۔ عاصمہ نے حال ہی میں پاکستان کے قراقرم کے پہاڑی سلسلے کی نمایاں چوٹیوں میں شامل اسپانٹک کو سر کرنے کے لیے مہم میں حصہ لیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے اسپانٹک کی چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی صحت بھی بہتر تھی۔ تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلندی سے پیدا ہونے والی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سِکنس) کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ قراقرم کالنگ ٹریکس متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور عاصمہ مشتاق کی میت کی واپسی کے انتظامات میں معاونت کر رہا ہے۔ عاصمہ مشتاق کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ صارفین نے عاصمہ مشتاق کی پہاڑوں، ساحلوں اور قدرتی مناظر سے محبت کو بھی یاد کیا اور مرحومہ کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعائیں کیں۔
