
واشنگٹن، 6 اکتوبر 2026 (نوشین): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت 32 فیصد کی تاریخی کم ترین سطح پر برقرار ہے، جبکہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ہسپانوی ووٹرز میں ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹی کی حمایت میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ پیر کو مکمل ہونے والے رائٹرز اور ایپسوس کے چھ روزہ سروے کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت ستمبر کے مقابلے میں بدستور 32 فیصد رہی، جو ان کے سیاسی کیریئر کی کم ترین سطح ہے۔ سروے میں صرف 24 فیصد ہسپانوی امریکیوں نے ٹرمپ کی بطور صدر کارکردگی کی حمایت کی، جو ان کی دونوں صدارتی مدتوں کے دوران اس طبقے میں حمایت کی کم ترین شرح ہے۔ ہسپانوی ووٹرز نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کے باعث اب ان کی حمایت میں کمی آ رہی ہے۔ سروے کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز میں ڈیموکریٹک پارٹی کو 44 فیصد جبکہ ری پبلکن پارٹی کو 37 فیصد حمایت حاصل ہے۔ آزاد ووٹرز میں ڈیموکریٹس کو 37 فیصد اور ری پبلکنز کو 21 فیصد حمایت حاصل ہوئی، جبکہ 28 فیصد آزاد ووٹرز نے تاحال فیصلہ نہیں کیا۔ ہسپانوی رجسٹرڈ ووٹرز میں صرف 26 فیصد نے ری پبلکن پارٹی کو ووٹ دینے کا ارادہ ظاہر کیا، جبکہ 52 فیصد نے ڈیموکریٹس کی حمایت کا عندیہ دیا، جو ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد اس طبقے میں ڈیموکریٹس کی سب سے بڑی برتری ہے۔ کانگریس کے وسط مدتی انتخابات سے قبل ری پبلکن پارٹی کو مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد تجزیہ کاروں کے مطابق ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ سینیٹ میں بھی مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے۔ سروے کے مطابق مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات امریکی ووٹرز کے لیے سب سے اہم انتخابی مسائل ہیں، جبکہ ایران کے ساتھ جنگ کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے معاشی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ پچاس سال یا اس سے زائد عمر کے ووٹرز میں بھی ری پبلکن پارٹی کی برتری کم ہو کر صرف دو فیصد رہ گئی ہے، جبکہ گزشتہ دسمبر میں یہ برتری آٹھ فیصد تھی۔ پچاس سال سے کم عمر ووٹرز میں ڈیموکریٹس کو 18 فیصد پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ ملک بھر میں آن لائن کیے گئے اس سروے میں 4,506 امریکی بالغ شہریوں کی رائے حاصل کی گئی، جبکہ اس میں غلطی کا ممکنہ فرق تقریباً دو فیصد پوائنٹس بتایا گیا ہے۔