Saturday, August 15

وزیراعظم شہباز شریف کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد، 15 اگست 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم شہباز شریف نے شدید مون سون بارشوں کے بعد سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے یہ ہدایات این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات کے دوران دیں، جنہوں نے وزیراعظم کو ملک میں موسمی صورتحال اور جاری مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ قریبی اور مؤثر رابطہ برقرار رکھے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد پہنچائی جا سکے۔وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر میں ہنگامی صورتحال کی نگرانی اور مؤثر ردعمل کے لیے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی سراہا۔ملاقات کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ خاندانوں کے تحفظ، انہیں بروقت امداد کی فراہمی اور سیلاب زدہ علاقوں میں مربوط ہنگامی ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔