
اسلام آباد، 13 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حالیہ حوثی حملوں کی شدید مذمت کی۔ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حملوں، بالخصوص شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے حالیہ اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے جاری بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور دلی احترام کا اظہار کیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔