
لاہور، 25 اگست 2026 (کامران راجہ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر منگل کو چین روانہ ہوگئیں۔ دورے کا مقصد پنجاب اور چین کے صوبے سنکیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ چینی قونصل جنرل سن یانگ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہوائی اڈے سے روانگی کے موقع پر الوداع کیا۔ مریم نواز کی ارومچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر اعلیٰ چینی حکام ان کا استقبال کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سنکیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس سینٹر کے کنلن ہال میں اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کریں گی۔ دورے کے دوران مریم نواز سنکیانگ کے پارٹی سیکریٹری چن شیاؤ جیانگ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کریں گی۔ وہ سنکیانگ اویغور خودمختار خطے کی کمیٹی کے ڈپٹی پارٹی سیکریٹری ہی ژونگ یو سے بھی ملاقات کریں گی جبکہ سنکیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور کے وفد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ سنکیانگ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز اور پنجاب کے وفد کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے سرکاری دورے کے دوران سنکیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں بطور ریاستی مہمان قیام کریں گی۔مریم نواز کا دورہ پنجاب اور سنکیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔