واہ، 29 اگست 2026 (کامران راجہ): چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا اور دفاعی پیداوار، برآمدی صلاحیت اور جاری مقامی پیداوار و خود انحصاری کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری صلاحیت اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پی او ایف کے مختلف شعبہ جات اور اس کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں مقامی سطح پر مختلف نوعیت کے فوجی سازوسامان کی تیاری اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں پی او ایف کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سی ڈی ایف نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے جانے والے اسلحہ اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربات دفاعی پیداوار کے شعبے میں جدت، خود انحصاری اور تکنیکی ترقی کے لیے پی او ایف کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈیفنس انڈسٹریل پروڈکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان آرڈیننس کے نفاذ کے بعد ادارے کو کارپوریٹ بنیادوں پر منظم کرنے کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف کو مقامی پیداوار اور جدید کاری کے جاری اقدامات، بالخصوص دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ یہ پلانٹس رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع کرنے کی توقع ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی دفاعی صنعتی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
