Friday, August 14

فخر زمان کی سنچری، پاکستان گرینز کا 314 رنز کا بڑا مجموعہ

ملتان، 14 اگست 2026، (غفران): فخر زمان کی شاندار فارم کا سلسلہ جاری ہے، جن کی مسلسل دوسری سنچری کی بدولت پاکستان گرینز نے نیشنل چیمپئنز کپ 2026 کے چوتھے میچ میں پاکستان گولڈ کے خلاف 314 رنز کا بڑا مجموعہ بنا لیا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان گرینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 314 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ فخر زمان نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔پاکستان گرینز کو دوسرے ہی اوور میں سمیع منہاس کی وکٹ ایک رن پر گنوانا پڑی، جس کے بعد فخر زمان اور عمیر یوسف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 183 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی اور ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی۔عمیر یوسف نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 73 گیندوں پر 74 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔اسکور 200 رنز کے قریب پہنچا تو پاکستان گولڈ کے باؤلرز نے بھرپور واپسی کرتے ہوئے دونوں سیٹ بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا اور پاکستان گرینز کو مزید بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔تاہم فخر زمان کی شاندار سنچری نے پاکستان گرینز کو 50 اوورز میں 314 رنز کے مضبوط مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔