بیکنہم، 14 اگست 2026(نوشین): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کی انجری کے حوالے سے اہم پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے۔ بابر اعظم کو جمعہ کے روز پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے سے انجری کا سامنا کرنا پڑا۔بابر اعظم 39ویں اوور میں 5 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ فاسٹ باؤلر مینی لَمسڈن کی آف اسٹمپ سے باہر پچ ہونے والی گیند ان کے ہاتھ پر جا لگی۔ گیند لگنے کے بعد بابر اعظم واضح تکلیف میں دکھائی دیے اور ٹیم کے میڈیکل اسٹاف نے فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کی۔بعد ازاں بابر اعظم کو ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔ پی سی بی کے مطابق ٹیم ڈاکٹر کے معائنے اور احتیاطی تدابیر کے تحت بابر اعظم کو پریکٹس میچ کے بقیہ حصے میں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم 17 اگست بروز پیر ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔یہ دوسری مرتبہ ہے کہ بابر اعظم کو حالیہ عرصے میں ہاتھ پر گیند لگی ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگنے سے تکلیف ہوئی تھی۔پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کو فی الحال احتیاطاً آرام دیا گیا ہے اور وہ 17 اگست کو ٹیم کے پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔
