
اسلام آباد، 13 اکتوبر، 2026 (غفران): عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی منگل سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران اسلام آباد میں پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق اجلاس میں متعدد شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے اور اشتراکِ عمل کے نئے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ عمان کے وزیر خارجہ کی قیامِ پاکستان کے دوران وزیراعظم پاکستان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ پاکستان اور عمان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں باقاعدہ سفارتی روابط اور دوطرفہ تعاون کے طریقۂ کار کے ذریعے مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو نئی رفتار دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔