Thursday, August 6

صومالیہ کے وزیر دفاع کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر زور

راولپنڈی، 6 اگست 2026 (غفران): وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع عزت مآب سفیر احمد معلم فقی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان و صومالیہ کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عسکری روابط مضبوط بنانے، استعدادِ کار میں اضافے اور تربیتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ صومالیہ کے وزیر دفاع نے صومالیہ کی مسلسل حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صومالیہ کے سیکیورٹی اداروں اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان قریبی دفاعی تعاون کے ذریعے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔