
اسلام آباد، 15 ستمبر 2026 (نوشین): مغل بادشاہ شاہ جہاں کی محبت کی مثال کو تازہ کرتے ہوئے اسلام آباد کے رہائشی زاہد بٹ نے اپنی اہلیہ کی یاد میں صوبیہ پیلس تعمیر کر کے اپنی محبت کو ایک منفرد تعمیراتی شاہکار میں ڈھال دیا۔ مغلیہ اور راجپوت طرز تعمیر کا حسین امتزاج صوبیہ پیلس اسلام آباد کی ایک منفرد عمارت ہے، جسے زاہد بٹ نے اپنی اہلیہ سے محبت اور ازدواجی رشتے کی یادگار کے طور پر تعمیر کیا۔ اطلاعات کے مطابق محل کی تعمیر 1975 سے 1978 کے درمیان شروع ہوئی، جس کا مقصد اہلیہ سے محبت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سلور ویڈنگ اینیورسری کو یادگار بنانا تھا۔ زاہد بٹ کے مطابق ان کی شادی ابتدا میں سادہ تقریب کے طور پر ہوئی تھی، تاہم سلور جوبلی کے موقع پر انہوں نے اپنی اہلیہ کے لیے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں انہیں دلہن کے لباس میں تیار کیا گیا اور چاندی کے برابر تولا گیا، جسے انہوں نے اپنی محبت کی کہانی کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا۔ صوبیہ پیلس میں داخل ہوتے ہی زائرین کو ماضی کے شاہی دور کا احساس ہوتا ہے، جہاں ہاتھ سے بنائی گئی نقش و نگاری، نفیس کاریگری، گنبد اور روایتی تزئینی عناصر عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ محل کے احاطے میں مختلف مجسمے بھی نصب ہیں، جبکہ روایتی طرز تعمیر اور ماہر کاریگروں کی مہارت عمارت کے مختلف حصوں میں نمایاں نظر آتی ہے۔ صوبیہ پیلس اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ محبت اور عقیدت کے ساتھ تعمیرات کو جوڑا جائے تو اینٹ، پتھر اور گارے سے ایک ایسی یادگار تخلیق کی جا سکتی ہے جو کئی دہائیوں بعد بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہے۔ یہ محل اب فوٹوگرافرز، تاریخ و فن تعمیر کے شوقین افراد اور سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام بن چکا ہے، جہاں لوگ نہ صرف اس کی منفرد تعمیراتی خوبصورتی بلکہ اس سے وابستہ محبت کی دلچسپ داستان دیکھنے بھی آتے ہیں۔