Thursday, August 27

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی وزیراعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات

Saudi Ambassador Nawaf Al-Malki Pays Farewell Call on Prime Minister Shehbaz Sharif

اسلام آباد، 27 اگست 2026 (غفران): پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم نے سعودی سفیر کو اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور صحت و سلامتی کی دعاؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور فراخدلانہ معاونت پر گہری قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے اہم کردار کو بھی سراہا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے دورِ سفارت کے دوران وزیراعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور میزبانی پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو انتہائی یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔