
کوئٹہ، 26 ستمبر 2026 (نوشین): بلوچستان کے ضلع دُکی میں مسلح افراد نے سڑک کی تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کرکے 18 مزدوروں کو اغوا کرلیا، جبکہ ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ دُکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں قائم تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر کیا گیا، جہاں حملہ آوروں اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک گارڈ جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا، جس کے بعد مسلح افراد کیمپ میں موجود 18 تعمیراتی مزدوروں کو اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے مغوی مزدوروں کی بازیابی اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے گرد و نواح میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دُکی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 315 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔