Sunday, November 8

جاپان میں 5.7 شدت کا زلزلہ، 20 سے زائد افراد زخمی

5.7-Magnitude Earthquake Hits Central Japan, Injuring More Than 20 People

اسلام آباد، 8 نومبر 2026 (کامران راجہ): جاپان کے وسطی علاقوں میں 5.7 شدت کے زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں سے دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے، عمارتوں میں موجود سامان گر گیا جبکہ متعدد مقامات پر ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی۔ جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ اتوار، 8 نومبر 2026 کو مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 4 منٹ پر صوبہ شیزوکا کے مغربی حصے میں آیا، جس کی گہرائی تقریباً 40 کلومیٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے شدید جھٹکے صوبہ آئچی کے شہر چیتا میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں جاپانی زلزلہ پیما پیمانے پر شدت پانچ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ شیزوکا، ناگانو اور گیفو کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ حکام کے مطابق بیشتر افراد زلزلے کے دوران گرنے، سیڑھیوں سے پھسلنے یا محفوظ مقام کی طرف بھاگتے ہوئے زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے متاثرہ علاقوں کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔