Thursday, November 26

برطانیہ کی ایک لاکھ اسٹریٹجک ریزروسٹ اہلکاروں کو ممکنہ طلبی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت

UK Asks 100,000 Strategic Reservists to Prepare for Possible Call-Up

لندن، 26 نومبر 2026 (کامران راجہ): برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے تقریباً ایک لاکھ اسٹریٹجک ریزروسٹ اہلکاروں کو خطوط ارسال کرتے ہوئے ممکنہ فوجی طلبی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ ملک بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے دفاعی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرد جنگ کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں ریزروسٹ اہلکاروں کو خطوط بھیجے گئے ہیں، جن میں انہیں رضاکارانہ طور پر فوجی تربیت اور مشقوں میں حصہ لینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ برطانوی بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان کے دستخط شدہ ان خطوط میں اہلکاروں سے رابطے کی تفصیلات اپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ اپنی موجودہ ملازمتوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی رائل ایئر فورس اپنے طیاروں کو رات کے وقت ہینگرز میں منتقل کر رہی ہے اور فوجی اڈوں پر طیاروں کو ڈرون حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اینٹی ڈرون جال نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس سے قبل منگل کے روز برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی ایم آئی فائی اور وزارتِ دفاع نے خبردار کیا تھا کہ یوکرین کی فوج کو سازوسامان فراہم کرنے والی برطانوی کمپنیوں کو روس کی جانب سے تخریب کاری کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ حالیہ اقدامات بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورت حال کے تناظر میں برطانیہ کی جانب سے اپنی فوجی تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔