تہران, 3 اگست 2026 (کامران راجہ): ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی اور حساس فوجی معلومات فراہم کرنے کے جرم میں سزا یافتہ دو افراد کو پھانسی دے دی۔ یہ اطلاع ایرانی عدلیہ سے وابستہ خبر رساں ایجنسی میزان نے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پھانسی پانے والے افراد کی شناخت امید بہزاد اور پوریا صفوت کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق دونوں افراد اسرائیل کو ایران کی فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات کے مقامات، تصاویر اور دیگر حساس معلومات فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ ایرانی عدلیہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 28 فروری سے شروع ہونے والے تنازع کے دوران اور گزشتہ سال ہونے والی مختصر جنگ کے دوران بھی اسرائیل کو اہم سیکیورٹی معلومات منتقل کیں، جنہیں مبینہ طور پر ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ معلومات ایران کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہوئیں، جس کے بعد عدالت نے دونوں افراد کو جاسوسی کے جرم میں سزائے موت سنائی، جس پر پیر کے روز عمل درآمد کیا گیا۔ دوسری جانب رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوجی حکمتِ عملی سے واقف ایک ذریعے نے مارچ میں بتایا تھا کہ حالیہ تنازع کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے زمینی ذرائع سے حاصل ہونے والی انٹیلی جنس پر انحصار کیا تھا۔ ایرانی حکام نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کی جاسوسی یا غیر ملکی قوتوں کے ساتھ تعاون کو سختی سے نمٹا جائے گا اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
