نیویارک، 25 ستمبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر انٹیگوا و باربوڈا کے وزیر خارجہ، تجارت و باربوڈا امور چیٹ گرین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعلیم، سفارتی تربیت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خوشگوار ماحول میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں کثیرالجہتی فورمز، خصوصاً دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ ہوا۔ دونوں جانب سے نومبر 2026 میں انٹیگوا و باربوڈا کے دارالحکومت سینٹ جانز میں ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس (CHOGM) کے موقع پر دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔
