Sunday, August 9

آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، باغ اور حویلی میں پولنگ 10 اگست کو ہوگی

مظفرآباد، 09 اگست 2026 (کامران راجا): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی اضلاع کے چار حلقوں میں پولنگ پیر، 10 اگست کو ہوگی، جس میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔پونچھ ڈویژن کی چار نشستوں پر مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں ہیں، جہاں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ضلع حویلی میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور، سابق کشمیر کونسل رکن خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ ن کے امیدوار محسن عزیز کے درمیان تین طرفہ مقابلہ متوقع ہے۔حکام کے مطابق انتخابی سامان، پولنگ عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو اتوار کی شام تک پولنگ اسٹیشنز پر منتقل کر دیا جائے گا۔ باغ کے تین اور حویلی کے ایک حلقے میں پولنگ ہوگی۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق باغ اور حویلی میں انتخابی مہم ہفتے کی نصف شب اختتام پذیر ہوگئی، جس کے بعد انتخابی مہم کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کمیشن نے پہلے مرحلے میں باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور سدھنوتی کے انتخابات کی تاریخ آئندہ سات روز کے اندر اعلان کیے جانے کا امکان ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ضروری ہوگا۔الیکشن کمیشن نے پولنگ کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ چاروں حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔