Wednesday, August 12

یومِ آزادی کے موقع پر مری کے مال روڈ، جی پی او چوک میں دفعہ 144 نافذ

مری، 10 اگست 2026 (غفران): یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے مری کے مال روڈ اور جی پی او چوک پر 10 سے 16 اگست تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری کی سفارش پر دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مال روڈ اور جی پی او چوک میں صرف سیاح خاندانوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ خوانچہ فروشوں اور ہاکرز کو مری کے دیگر تفریحی مقامات پر سیاحوں کے ہمراہ جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مال روڈ اور جی پی او چوک کے علاوہ مری کے دیگر تفریحی مقامات پر سیاحوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ یومِ آزادی کے موقع پر مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد متوقع ہے، جس کے پیش نظر حساس مقامات پر رش کو کنٹرول کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ولیس اور ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور مری کے دیگر خوبصورت مقامات، جن میں پتریاٹہ، کشمیر پوائنٹ، چیئر لفٹ اور دیگر تفریحی مقامات شامل ہیں، کا رخ کریں۔