
ناگویا، 4 اکتوبر 2026 (نوشین): بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل عہدیدار گرندر سنگھ سنگھا کو ایشین گیمز کے دوران جنسی ہراسانی کی متعدد مبینہ شکایات سامنے آنے کے بعد جاپان سے بھارت واپس بھیج دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرندر سنگھ سنگھا پر ناگویا میں قیام کے دوران ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ہوٹل کی ایک ملازمہ کے ساتھ نامناسب رویے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے بھارتی میڈیا کو تصدیق کی کہ ملائیشین خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرانے کے بعد سنگھا کو دو روز قبل بھارت واپس بھیج دیا گیا تھا۔ عہدیدار کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن کی تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد سنگھا کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر رپورٹ میں سنگھا کے خلاف منفی نتائج سامنے آئے تو سخت کارروائی کی جائے گی اور قصوروار ثابت ہونے کی صورت میں انہیں کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ ایشین ہاکی فیڈریشن ایشین گیمز میں ہاکی مقابلوں کے لیے امپائرز اور ٹیکنیکل عہدیداروں کی تقرری کرتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی عہدیدار کے خلاف یہ پہلی شکایت نہیں، اس سے قبل 2025 میں رانچی میں ہاکی انڈیا لیگ کے دوران بھی ایک خاتون امپائر نے سنگھا کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ ہاکی انڈیا نے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم کمیٹی کو تحقیقات کے دوران سنگھا کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا تھا۔