لاس اینجلس، 26 اگست 2026 (نیوز ڈیسک) — معروف سپر ماڈل گیگی حدید نے ہالی ووڈ اداکار بریڈلی کوپر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی نجی زندگی کی ایک نایاب جھلک دکھائی ہے۔ گیگی حدید 2023 سے بریڈلی کوپر کے ساتھ تعلقات میں ہیں، تاہم دونوں نے ہمیشہ اپنے رشتے کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے۔ حالیہ انٹرویو میں ووگ فرانس سے گفتگو کرتے ہوئے گیگی نے بتایا کہ اس رشتے کو ان کے لیے خاص بنانے والی چیز کیا ہے۔ گیگی نے کہا کہ بریڈلی کے ساتھ تعلقات کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ دونوں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اگرچہ وہ ہمیشہ ایک دوسرے کے کام کے ہر پہلو کو مکمل طور پر نہیں سمجھ پاتے، لیکن اہم مواقع پر دونوں ایک دوسرے کے لیے موجود رہتے ہیں اور حمایت کرتے ہیں۔ گیگی نے ایمانداری کو بھی اپنے رشتے کی اہم بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے ساتھ اپنے خیالات اور احساسات کا کھل کر اظہار کرنے کی آزادی نے اس تعلق کو ان کے ماضی کے تجربات سے بالکل مختلف بنا دیا ہے۔ دونوں اس وقت پیرس میں ایک ساتھ رہ رہے ہیں، جہاں بریڈلی کوپر اپنی نئی فلم پر کام کر رہے ہیں۔ پیرس میں ان کی موجودگی کے دوران دونوں کو سونے کی انگوٹھیاں پہنے دیکھے جانے کے بعد ان کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ گئی ہیں۔ تاہم ایک اور ذریعے نے مبینہ طور پر ان انگوٹھیوں کو ’’کمٹمنٹ رنگز‘‘ قرار دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ گیگی حدید اور بریڈلی کوپر میں سے کوئی بھی روایتی شادی کا خواہش مند نہیں۔ گیگی نے یہ بھی بتایا کہ بریڈلی کوپر نے انہیں پیرس کو ایک نئے انداز سے دیکھنے میں مدد دی۔ ان کے مطابق بریڈلی کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد شہر کے بارے میں ان کا نقطۂ نظر تبدیل ہوا ہے اور اب انہیں پیرس سے مزید محبت ہو گئی ہے۔
