Thursday, August 13

کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی کی پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے لیے قرارداد منظور

سیکرامنٹو، 13 اگست 2026 (کامران راجہ): کیلیفورنیا اسٹیٹ سینیٹ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات کے جشن اور کیلیفورنیا کی معیشت، ثقافت اور سماجی شعبے میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کیلیفورنیا میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا اور مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں کو سراہا گیا۔ قرارداد میں کیلیفورنیا کے عوام پر زور دیا گیا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈاکٹر عمران شریف کی سربراہی میں کونسل آف پاکستان نے قرارداد کی منظوری کے لیے اہم کردار ادا کیا اور اس سلسلے میں نمایاں کوششیں کیں۔

پاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان سعید شیخ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی قیادت اور حمایت کو سراہا۔ سفیر نے عوامی سطح پر روابط مزید مضبوط بنانے اور پاک امریکا دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی نے بھی پاکستان اور ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔اسمبلی کی قرارداد میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان اور کیلیفورنیا کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا گیا۔اس پیش رفت کو پاکستان اور کیلیفورنیا کے درمیان دوطرفہ، اقتصادی، ثقافتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ یہ قرارداد پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار کو بھی اجاگر کرتی ہے۔