Wednesday, August 12

پی ٹی آئی بانی سیاسی قیدی نہیں، سزا یافتہ قیدی ہیں: احسن اقبال

اسلام آباد، 11 اگست 2026 (نوشین): وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی صحت کے حوالے سے کسی کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں، انہیں جیل میں بہترین طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا مہر بخاری کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی بانی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی قیدی نہیں بلکہ سزا یافتہ قیدی ہیں اور انہیں جیل میں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ماہر ڈاکٹروں کی خدمات بھی دستیاب ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جا رہی۔ وہ اسی سیل میں موجود ہیں جہاں انہیں قید کیا گیا تھا اور انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کی صحت کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔احسن اقبال نے احتجاجی سیاست کی حالیہ باتوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو احتجاج نہیں بلکہ معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی جماعت احتجاجی سیاست کی طرف جاتی ہے تو یہ دشمن کے تخریبی ایجنڈے کی حمایت کے مترادف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو ڈی چوک بنانے کے بجائے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت پاکستان کو معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے اور کہیں نہیں جا رہی۔ پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی حکومت کا ساتھ دیتی رہے گی۔