
راولپنڈی، 11 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): سکیورٹی فورسز اور فرنٹیئر کور بلوچستان نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحے اور گولہ بارود کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا اور افغانستان سے گولہ بارود منتقل کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ذرائع کے مطابق پشین کے علاقے سرانان میں ایک گودام پر چھاپے کے دوران فورسز نے اسلحے اور گولہ بارود سے بھری گاڑی کو روک لیا۔ کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے اسلحے میں راکٹ سے چلنے والے تین گرینیڈ لانچر (آر پی جی)، چار لائٹ مشین گنیں، ایک مشین گن، دستی بم، راکٹ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود شامل ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گرد عناصر کی موجودگی کا پتا لگانے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔