Monday, September 28

پاکستانی صحافی کامران راجہ کو امریکا میں صحافتی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نواز دیا گیا

Pakistani Journalist Kamran Raja Honoured in US for Outstanding Journalistic Services

واشنگٹن ڈی سی، 27 ستمبر 2026 (غفران): پاکستانی صحافی کامران راجہ کو امریکا میں صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ’’اعزازِ صحافت‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز مسلمز آف امریکا اور ’’امریکا فرسٹ‘‘ کے بینر تلے ان کی شاندار صحافتی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ اعزاز کے ذریعے کامران راجہ کی بین الاقوامی امور، پاکستان امریکا تعلقات، عالمی معاملات اور اہم بین الاقوامی واقعات کی کوریج میں خدمات کو سراہا گیا۔ کامران راجہ گزشتہ کئی برسوں سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں کی کوریج کر رہے ہیں، جہاں وہ اقوام متحدہ کی اہم سرگرمیوں، عالمی رہنماؤں کے خطابات اور بین الاقوامی امور سے متعلق اہم پیش رفت کو رپورٹ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور بیرونِ ملک پرنٹ، ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں صحافتی خدمات انجام دی ہیں اور قومی و بین الاقوامی امور کی کوریج کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس موقع پر کامران راجہ نے اعزاز ملنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی انہیں ذمہ دار، پیشہ ورانہ اور آزاد صحافت کے لیے مزید محنت کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی عوامی اہمیت کے حامل معاملات کو اجاگر کرنے اور پاکستان، امریکا اور عالمی برادری کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ صحافتی خدمات کے اعتراف میں ملنے والا یہ اعزاز کامران راجہ کے صحافتی سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔