
جکارتہ، 2 اکتوبر، 2026 (غفران): پاکستان کی فٹبال ٹیم نے افتتاحی فیفا آسیان کپ میں اپنی مہم کا اختتام ویتنام کے ہاتھوں 4-2 کی شکست کے ساتھ کیا۔ جیلورا بنگ کارنو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان نے شاندار مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے 31ویں منٹ میں سینٹر بیک محب اللہ نے اپنا پہلا بین الاقوامی گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی اور پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو 1-0 کی برتری حاصل تھی۔ تاہم دوسرے ہاف کے آغاز پر ویتنام کے کوچ کم سانگ سک کی تبدیلیاں مؤثر ثابت ہوئیں اور کھیل کا رخ تیزی سے ویتنام کے حق میں ہوگیا۔ 50ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی فان توان تائی کے شاندار پاس پر نگوین ہائی لونگ نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد ایک اور متبادل کھلاڑی نگوین ڈنہ بیک نے طویل پاس پر گیند حاصل کرکے اسے نگوین ہوانگ ڈک کی جانب منتقل کیا، جنہوں نے باکس کے باہر سے فوری شاٹ لگا کر ویتنام کو برتری دلا دی۔ ڈنہ بیک نے پاکستان کے دفاع کو چیرتے ہوئے تیسرا گول اسکور کیا اور ویتنام کی برتری مزید مستحکم کردی۔ پاکستان نے آخری لمحات میں واپسی کی کوشش جاری رکھی اور 88ویں منٹ میں علی خان نے گول کرکے خسارہ کم کردیا، تاہم اضافی وقت کے پہلے ہی منٹ میں منہ ہوانگ نے گول کرکے ویتنام کی دو گول کی برتری دوبارہ قائم کردی۔ شکست کے بعد پاکستان گروپ بی میں تین میچوں سے صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔ ویتنام گول کے فرق کی بنیاد پر تھائی لینڈ کے بعد گروپ میں دوسرے نمبر پر رہا اور 5 اکتوبر کو اسی اسٹیڈیم میں کانسی کے تمغے کے میچ میں گروپ اے کی رنرز اپ ملائیشیا کا مقابلہ کرے گا۔