Friday, August 14

پاکستان کا ہاکی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں کل انگلینڈ سے مقابلہ

برسلز، 14 اگست 2026 (کامران راجہ): چار مرتبہ کے عالمی چیمپئن پاکستان کی ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں آٹھ سال بعد واپسی ہو رہی ہے، قومی ٹیم کل افتتاحی میچ میں عالمی نمبر 3 انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کل بیلجیم اور نیدرلینڈز میں شروع ہوگا، جہاں پاکستان گروپ ڈی کے اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا۔پاکستان اور انگلینڈ ہاکی ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک 8 مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں۔ انگلینڈ نے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی، پاکستان نے 2 مقابلے جیتے جبکہ 2 میچز بے نتیجہ رہے۔پاکستان نے 1998 کے ہاکی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں 5-7 سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اپنی دوسری کامیابی حاصل کی تھی۔ہاکی ورلڈ کپ کے افتتاحی روز 3 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ دفاعی چیمپئن جرمنی بھی اپنی ٹائٹل مہم کا آغاز کرے گا۔پاکستان کو گروپ ڈی میں انگلینڈ، بھارت اور ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ آٹھ سال کے وقفے کے بعد عالمی کپ میں واپسی کرنے والی قومی ٹیم کی نظریں مضبوط آغاز اور شاندار کارکردگی پر مرکوز ہیں۔