
اسپین، 6 اگست 2026 (نوشین): پاکستان نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 103 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، تاہم میزبان ٹیم مزید صرف 14 رنز کا اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کے اوپنر برینڈن کنگ کمر کی انجری کے باعث دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکے۔ پاکستان کی جانب سے اسپنرز ساجد خان اور علی عثمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ 75 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ امام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اذان اویس نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم 24، 24 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ یہ فتح پاکستان کے لیے کئی حوالوں سے اہم ثابت ہوئی۔ قومی ٹیم نے بیرونِ ملک مسلسل آٹھ ٹیسٹ شکستوں کا سلسلہ توڑ دیا، جبکہ جولائی 2023 میں سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد یہ پاکستان کی پہلی غیرملکی سرزمین پر ٹیسٹ فتح بھی ہے۔ پاکستان کی کامیابی میں اسپن بولرز نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ بلے بازوں نے مختصر ہدف اعتماد کے ساتھ حاصل کر کے ٹیم کو سیریز برابر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔