
اسلام آباد، 25 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مذاکرات میں ایران اسرائیل جنگ، خطے میں کشیدگی اور امن کے راستے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ محسن نقوی کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، آئندہ کے لائحہ عمل اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے درکار اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس سے تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جس کے بعد زیر بحث امور پر دونوں جانب سے تعمیری تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستانی وفد نے ایران کے اعلیٰ حکام، جن میں محسن رضائی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف شامل ہیں، سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔