
ارونڈیل، 10 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان انڈر 19 نے چار میچز پر مشتمل یوتھ ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ انڈر 19 کو 177 رنز سے شکست دے دی۔ ارونڈیل کاسل کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی کامیابی میں عثمان علی اور کپتان فرحان یوسف کی شاندار سنچریوں کے بعد محمد صیام کی چار وکٹوں نے اہم کردار ادا کیا۔ کپتان فرحان یوسف کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کامیاب ثابت ہوا اور پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے۔ پاکستان کی اننگز میں فرحان یوسف اور اوپنر عثمان علی کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 268 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ پاکستان کو ابتدا میں نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر علیان عثمان تیسرے اوور میں صرف 12 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ ٹاپ آرڈر بلے باز عبدالقادر نے 13 گیندوں پر 26 رنز کی تیز اننگز کھیلی، تاہم پانچویں اوور کی آخری گیند پر چارلی ٹیلر کا شکار بن گئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 41 رنز تھا۔ اس کے بعد فرحان یوسف نے عثمان علی کے ساتھ مل کر میچ کا رخ تبدیل کرنے والی شراکت قائم کی جو 47ویں اوور تک جاری رہی اور دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں۔ فرحان یوسف نے 133 گیندوں پر 115 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ عثمان علی نے 136 گیندوں پر 151 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ بعد ازاں محمد صیام نے چار وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی باؤلنگ کی قیادت کی اور ٹیم کو 177 رنز سے شاندار کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔