لاہور، 18 اگست 2026 (غفران): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رواں سال بسنت کے کامیاب انعقاد کے بعد لاہور میں تین روزہ بسنت میلے کا اعلان کردیا ہے، جو 12 سے 14 مارچ 2027 تک منعقد ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ بسنت 2027 کے موقع پر لاہور ایک بار پھر رنگوں، ثقافت، جشن، موسیقی، جوش و جذبے اور اپنی روایتی مہمان نوازی سے جگمگا اٹھے گا۔پنجاب اور پاکستان کے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مریم نواز نے کہا، ’’یہ جشن آپ کے لیے ہے؛ اکٹھے ہوں، خوبصورت یادیں بنائیں اور اپنی توانائی اور جذبے سے لاہور کو جگمگا دیں۔‘‘انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ’’بین الاقوامی مہمانوں‘‘ کو بھی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تاریخیں محفوظ کرلیں اور لاہور کی گرمجوشی، رنگوں اور تہوار کی رونقوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے وطن واپس آئیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا، ’’ان شاء اللہ، ہم سب مل کر بسنت 2027 کو ایک اور بڑی کامیابی اور یادگار جشن بنائیں گے۔‘‘ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن سے کہا کہ لاہور اس خصوصی تقریب میں ان کے استقبال کے لیے منتظر ہوگا۔لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے سخت حفاظتی ضوابط کے تحت پتنگ بازی پر عائد پابندی اٹھائے جانے کے بعد فروری 2026 میں دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ بسنت میلے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تین روزہ تقریبات کے دوران صوبائی دارالحکومت میں جشن کا سماں رہا، سڑکوں اور گلیوں کو روشنیوں اور سجاوٹ سے منور کیا گیا جبکہ گھروں کی چھتوں پر تقریبات اور دیگر سرگرمیاں رات گئے تک جاری رہیں۔ پنجاب حکومت نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بسنت کے موقع پر متعدد اقدامات بھی کیے تھے، جن میں مفت ٹرانسپورٹ سروس بھی شامل تھی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کامیاب بسنت تقریبات کو لاہور اور پاکستان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگلے سال اس سے بھی زیادہ شاندار بسنت منائی جائے گی۔تین روزہ بسنت میلے کے دوران انہوں نے بتایا تھا کہ تقریباً 20 لاکھ افراد نے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت سے استفادہ کیا، جبکہ تقریباً 10 لاکھ گاڑیاں پنجاب میں داخل ہوئیں۔
