Tuesday, August 18

وزیراعظم شہباز شریف کی گوگل وفد سے ملاقات، پاکستان میں گوگل کے پہلے دفتر کا افتتاح

PM Shehbaz Sharif Meets Google Delegation, Inaugurates Google’s First Office in Pakistan to Accelerate Digital Transformation

اسلام آباد، 18 اگست 2026 (کامران راجہ) — گوگل کے نو رکنی وفد نے گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ کی قیادت میں آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان طرز حکمرانی کی ڈیجیٹل تبدیلی کے ایک بڑے مرحلے سے گزر رہا ہے، جس میں معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن بھی شامل ہے۔ انہوں نے حکومت کے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ وژن کا ذکر کرتے ہوئے وفد کو بتایا کہ قومی ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات عملدرآمد کے جدید مرحلے میں ہیں۔وزیراعظم نے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں تربیت دینے کے لیے جاری پروگراموں سے وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ان اہداف کے حصول کے لیے گوگل جیسی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کا دفتر قائم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور گوگل کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں گوگل کے کردار کو سراہا اور ان اقدامات کی تعریف کی جن کے ذریعے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ گوگل نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی مقامی موجودگی قائم ہونے کے بعد اعلیٰ اثرات رکھنے والے پروگراموں کو مزید بڑے پیمانے پر وسعت دی جا سکتی ہے۔ولسن وائٹ نے وزیراعظم کو گوگل کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی دفتر کا قیام ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے کے لیے گوگل کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا اور کئی سال سے جاری شراکت داری کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کے لیے طویل مدتی مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد دے گا۔

گوگل کی جانب سے مقامی شراکت داروں کے ساتھ قائم کی گئی جاری کروم بک اسمبلی لائن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ولسن وائٹ نے کہا کہ پاکستان میں تیار کیے جانے والے کروم بکس کو خطے کے دیگر ممالک کو برآمد کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوگل پاکستان کی نوجوان آبادی کی بے پناہ صلاحیتوں کو تسلیم کرتا ہے اور آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، گیمنگ اور دیگر شعبوں میں مہارتوں کو فروغ دینے کے پروگراموں کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف، ولسن وائٹ، امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹلی بیکر اور دیگر معززین نے پاکستان میں گوگل کے پہلے دفتر کے افتتاح کی یاد میں مشترکہ طور پر تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔