Tuesday, August 25

وزیر تجارت کی پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ہدایت

Commerce Minister Directs Stronger Efforts to Expand Pakistan’s Exports

اسلام آباد، 25 اگست 2026 (نوشین): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے منگل کو وزارت تجارت کے فارن ٹریڈ ونگز کے ساتھ ایک اندرونی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان کی برآمدی کارکردگی، دوطرفہ تجارتی روابط اور تجارتی معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے متعدد ابھرتی ہوئی منڈیوں میں برآمدات میں حوصلہ افزا اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں تنوع، کاروباری روابط کے فروغ اور بیرون ملک تجارتی مشنز کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے اس رفتار کو مزید مستحکم کیا جائے۔انہوں نے پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، ادویات، پراسیسڈ فوڈ، لائٹ انجینئرنگ مصنوعات اور خدمات کے لیے نئی منڈیوں اور مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔ جام کمال خان نے فارن ٹریڈ ونگز کو ہدایت کی کہ ترجیحی مصنوعات، مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹوں، لاجسٹکس اور بینکاری کے مسائل، ممکنہ خریداروں اور زیر التوا ادارہ جاتی روابط پر مشتمل ملک وار ایکشن پلانز تیار کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تجارتی معاہدوں سے پاکستان کو متوازن اور تجارتی لحاظ سے مؤثر فوائد حاصل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے موجودہ تجارتی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لینے جبکہ زیر التوا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹیوں اور جوائنٹ ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد منعقد کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے وزارت تجارت، وزارت خارجہ، بیرون ملک پاکستانی مشنز، چیمبرز آف کامرس اور تجارتی انجمنوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری پر بھی زور دیا تاکہ سفارتی روابط کو برآمدات اور سرمایہ کاری کے ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان نے روایتی اور ابھرتی ہوئی دونوں منڈیوں میں بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہماری توجہ رکاوٹیں دور کرنے، برآمدات میں تنوع لانے اور ہر تجارتی رابطے کو قابل پیمائش معاشی فوائد میں تبدیل کرنے پر ہونی چاہیے۔