Monday, August 17

نقوی کا وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا ہدف

Naqvi Sets Target to Modernise All Interior Ministry Institutions

اسلام آباد، 17 اگست 2026 (غفران) – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں کو اپنے نظام کو جدید بنانے اور عوامی خدمات بہتر بنانے کے لیے جامع دو سالہ تبدیلی کے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ماتحت اداروں کے سربراہان کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محسن نقوی نے اداروں کے درمیان رابطے، تعاون اور باہمی ہم آہنگی مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ڈیٹا سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی کے لیے جامع اقدامات یقینی بنانے اور لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم ہونے والے اداروں کو مکمل تعاون اور ضروری وسائل فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ تمام اداروں کو خودمختار، جدید اور عوام دوست بنانا حکومت کا ہدف ہے، جبکہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ضروری قانونی ترامیم اور اصلاحات کے لیے تجاویز فوری پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ گزشتہ اور رواں سال حج آپریشن کے دوران منشیات اسمگلنگ کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونا ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔