Saturday, November 7

مریم نواز نے پاکستان کے پہلے مکمل الیکٹرک روڈ سویپر ٹرک کا افتتاح کر دیا

Maryam Nawaz inaugurates Pakistan's first fully electric road-sweeper truck

اسلام آباد، 7 نومبر 2026 (غفران): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کے پہلے مکمل الیکٹرک روڈ سویپر ٹرک کا افتتاح کر دیا، جو ماحول دوست شہری صفائی کے نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ نے ٹرک کا معائنہ کیا اور انہیں ملک کے پہلے فل الیکٹرک سویپر منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ الیکٹرک مکینیکل سویپر ٹرک لاہور رنگ روڈ پر صفائی اور سڑکوں کی دھلائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ یہ جدید فل الیکٹرک سویپر اور برومر سڑکوں کی صفائی کے ساتھ ان پر موجود پانی کو بھی جذب کرکے صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بریفنگ کے مطابق ٹرک ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 70 کلومیٹر تک کام کر سکے گا۔ اس کے استعمال سے کاربن کا اخراج صفر ہوگا، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ جدید ٹرک سڑکوں پر گردوغبار اور شور کی آلودگی کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کا مقصد ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے شہری صفائی کے نظام کو بہتر بنانا اور صوبے میں صاف ستھرا ماحول یقینی بنانا ہے۔